سوئیڈن میں قرآنِ کریم کی بے حرمتی کرنے والے دو افراد پر فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔ ان دونوں ملعونوں نے یہ کارِ بد 2023 میں کیا تھا۔ قرآن کی بے حرمتی کے واقعات سے سوئیڈن اور متعدد اسلامی ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔
سینیر پراسیکیوٹر اینا ہینکیو نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ سلوان مومیکا اور سلوان نجم کو چار واقعات کے حوالے سے مقدمات کا سامنا ہے۔ دونوں نے قرآن کی بے حرمتی کی اور ایک مسجد کے باہر مسلمانوں کو محض اُن کے مذہب کی بنیاد پر گالیاں دیں۔
سینیر پراسیکیوٹر نے یہ بھی بتایا ہے کہ سلوان مومیکا اور سلوان نجم کے خلاف تمام شواہد وڈیوز کی شکل میں ہیں۔ دونوں نے سرِعام قرآن کی شدید بے حرمتی کی، کاپیاں جلائیں اور انہیں پھینکا بھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس قرآن کی توہین کے ان واقعات کے بعد مسلم دنیا میں شدید احتجاج کی لہر اٹھی تھی۔ بہت سے مسلم ممالک نے سوئیڈن سے معاشی تعلقات منقطع کرلیے تھے، سوئیڈن کی حکومت کو قرآن کی توہین کے ان واقعات کے باعث غیر معمولی نقصان سے دوچار ہونا پڑا تھا۔