نئی دہلی،7فروری(یواین آئی)پارلیمانی امور کے وزیرمملکت پرہلاد جوشی نے کہا ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف ناموزوں اور اور بےحد ناشائستہ زبان کا استعمال کیاہے اس لئے ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔
مسٹر جوشی نے لوک سبھا کے احاطے میں جمعہ کو نامہ نگاروں سے کہا کہ کانگریس کے لیڈر کو اس سطح پر گرکر اپنی بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔انہوں نے کہاکہ مسٹر گاندھی نے ساری حدیں توڑ دی ہیں اور وہ ملک کے وزیراعظم کو لاٹھی ڈنڈوں سے مروانے کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی اس پارٹی کے لیڈر ہیں جو کئی ریاستوں کی اتحادی کے طورپر اقتدار پر قابض ہے۔انہیں’ ڈنڈے‘کا خوب تجربہ ہے اور وہ ایک مقبول وزیراعظم،جنہوں نے دوسری بار زبردست اکثریت کے ساتھ حکومت بنائی ہے ،ان کےلئے اس طرح کی زبان کا استعمال کررہے ہیں۔ملک کے عوام ان کی پارٹی کے خلاف’ڈنڈا‘ استعمال کرچکے ہیں اور مسٹر گاندھی کو اس کا بخوبی تجربہ ہے۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابی تشہیر کے دوران مسٹر گاندھی نے وزیراعظم کےلئے کہاتھا کہ چھ ماہ کے بعد ملک کے نوجوان انہیں ’لاٹھی ڈنڈوں‘ سے ماریں گے۔اس سلسلے میں لوک سبھا میں آج برسر اقتدار بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جےپی)اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کے اراکین کے درمیان نوک جھونک ہوگئی جس کے بعداسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی ایک بجے تک کےلئے ملتوی کرنی پڑی۔