لکھنؤ: پارلیمانی انتخابات کیلئے ووٹر لسٹ اپڈیٹ ہو رہی ہے۔ ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم میں بی ایل او کے پاس اہم ذمہ داری ہے۔ خاص طور سے نئے نوجوان ووٹروں کو ووٹر لسٹ میں جوڑنے اور ان کا فارم بھروانے ، متوفی کے نام کاٹنے اور ترمیم کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
پوری ریاست میں چل رہی اس مہم میں کئی جگہ سے بی ایل او کی بہانے بازی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ گھر گھر جا کر معائنہ کرنے میں بی ایل او لاپروائی برت رہے ہیں۔ اس معاملہ میں الیکشن کمیشن نے سختی برتنے کی ہدایت دی ہے اور ایسے بی ایل او کی نشاندہی کرنے کو کہا ہے جو کام کو ذمہ داری سے پورا نہیں کر رہے ہیں۔
پارلیمانی الیکشن کیلئے نئی ووٹر لسٹ تیار ہو رہی ہے۔ 27؍اکتوبر سے خصوصی مختصر ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم چل رہی ہے۔4 اور 5نومبر مہم کی خصوصی تاریخ تھی اب 25 ،26 نومبر اور 2 و 3 دسمبر کو خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ اس دن سبھی بوتھوں پر بوتھ لیول افسر موجود رہ کر ووٹر لسٹ میں نئے نام جوڑنے اور تبدیلی سے متعلق کارروائی کریںگے۔ مہم میں جن کا ووٹر کارڈ نہیں بنا ہے وہ بھی اپنا ووٹر کارڈ بنوا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ جن ووٹروں کو اپنے نام ، پتہ یا دیگر تبدیلی کروانا ہے وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ ووٹر آن لائن اور آف لائن دونوں طریقے سے ووٹر بننے یا تبدیلی کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ ووٹر ہیلپ لائن ایپ یا ویب سائٹ سے بھی ووٹر اپنی تفصیل ووٹر لسٹ میں دیکھ سکتے ہیں اور تبدیلی کیلئے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ مسٹر رنوا نے ووٹر لسٹ کو خامیوں و تنازع سے پاک بنانے کی ہدایت دی ہے۔