نئی دہلی ، 28 جنوری ( یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے مقابلہ میں صحت مند افراد کی تعداد میں مستقل اضافے کی وجہ سے فعال کیسز کم ہوکر 1.75 لاکھ سے کم یعنی محض 1.62 فیصد رہ گئے ہیں۔دریں اثنا، ملک میں اب تک 23 لاکھ 55 ہزار 979 افراد کو کوڈ 19 کے حفاظتی ویکسین لگائے جاچکےہیں۔
جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 11،666 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ اطمینان کی بات ہے کہ اسی عرصے کے دوران 14،301 مریض صحت مند ہوئے ، جس سے ملک میں جان لیوا وبا سے شفایابی حاصل کرنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ 73 ہزار 606 ہوگئی ۔
ایکٹیو کیسز 2،758 سے گھٹ کر 1،73،740 رہ گئے۔ اسی عرصے کے دوران 123 مریضوں کی موت سے ملک میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 847 ہوگئی۔
ملک میں کورونا وائرس سے شفایابی کی شرح 96.94 فیصد ، فعال کیسز کی شرح 1.62 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.44 فیصد ہے۔