گزشتہ ہفتے دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان نے اپنی فیملی کے لیے اثاثوں کی بڑی تعداد چھوڑی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار عرفان خان کے نام 320 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں ، فلموں اور اشتہاروں کو ذریعہ معاش بنانے والے عرفان خان کا ممبئی میں ایک گھر ہے، اس کے علاوہ عرفان خان کا جوہو میں ایک فلیٹ بھی ہے۔
عرفان خان نمایاں طور پر اپنے اثاثوں کی مالیت کے حساب سے زیادہ ٹیکس دیتے تھے۔ عرفان خان ایک فلم میں کام کرنے کا تقریباً پندرہ کروڑ معاوضہ لیتے تھے۔
عرفان خان کسی اشتہار میں کام کرنے کے لیے چار سے پانچ کروڑ وصول کرتے تھے۔اداکار کے نام گاڑیوں کی بات کی جائے تو اُن کے نام دنیا کے معروف برینڈ کی گاڑیاں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 29 اپریل کو بالی ووڈ اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں دارِ فانی سے رخصت ہوئے۔
عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ سُتاپا سکدر سمیت دو بیٹے 19 سالہ بابیل اور ایان شامل ہیں۔
اداکار عرفان خان نے اپنی زندگی میں بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ کی کئی معروف فلموں میں اداکاری کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
عرفان خان نے اپنے فلمی کیریئر میں بالی ووڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل اور پن سنگ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔
ان کی ہالی ووڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔