بولی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے خلاف ایک ایونٹ کمپنی نے دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرادیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر مراد آباد کی ایک ایونٹ کمپنی نے بولی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل پر الزام لگایا کہ اداکارہ کو ایک شادی کے دوران پرفارم کرنا تھا جس کے لیے انہوں نے پیسے بھی لے لیے تھے، تاہم بعدازاں انہوں نے پرفارم کرنے سے انکار کردیا۔
ایونٹ کمپنی کے مالکان نے اپنی شکایت میں اداکارہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے 11 لاکھ بھارتی روپے وصول کیے تھے، تاہم موقع پر انہوں نے پرفارم کرنے سے انکار کیا جبکہ ان کی ٹیم نے مزید 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مزید 2 لاکھ روپے نہ دینے پر اداکارہ اور ان کی ٹیم بغیر کسی کو اطلاع دیے ممبئی روانہ ہوگئیں۔
ایونٹ کمپنی نے اداکارہ کے ساتھ مزید 4 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
رپورٹ کے مطابق مرادآباد کی عدالت نے اداکارہ اور ان کی ٹیم کے ممبران کو 12 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ امیشا پٹیل آخری مرتبہ 2018 کی کامیڈی فلم ’بھائیا جی سپر ہٹ‘ میں کام کرتی نظر آئیں تھی۔