رواں برس ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’باجی‘ کی اداکارہ میرا کو طبیعت ناساز ہونے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
اداکارہ میرا کے حوالے سے گزشتہ چند دنوں سے یہ اطلاعات تھیں کہ ان کی طبعیت ناساز ہے۔
حال ہی میں اداکارہ امریکا کے دورے سے واپس آئیں تو وہ معدے اور پیٹ میں تکلیف کے باعث دبئی کے امریکن ہسپتال گئیں، جہاں ان کے ابتدائی ٹیسٹ کیے گئے۔
’دی نیوز‘ کے مطابق اداکارہ میرا کے ابتدائی ٹیسٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آپریشن کا مشورہ دیا ہے، تاہم فوری طور پر اداکارہ کے آپریشن کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ میرا نے امریکا سے واپسی پر معدے میں درد اور جلد میں جلن کی تکلیف کے باعث ہسپتال کا رخ کیا، جہاں ان کے ابتدائی ٹیسٹ کرنے کے بعد طبی ماہرین نے انہیں آپریشن کا مشورہ دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کے خون کے ٹیسٹ بھی کیے گئے اور ٹیسٹ کے نتائج آنے تک آپریشن کا فیصلہ مؤخر کیا گیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں گزشتہ چند دن سے درد کی شکایت تھی، تاہم مصروفیت کی وجہ سے انہوں نے چیک اپ نہیں کروایا تھا۔