نئی دہلی: صدر رام ناتھ کووند نے وزیر اعظم جن دھن یوجنا سے لوگوں میں بچت کا طریقہ تبدیل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے آج کہا کہ اس منصوبہ سے ملک میں 34 کروڑ لوگوں کے بینک اکاؤنٹ کھلے ہیں اور ملک کا تقریبا ہر خاندان بینکاری نظام سے منسلک ہو گیا ہے ۔
مسٹر کووند نے یہاں بجٹ اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جن دھن کھاتوں میں جمع 88 ہزار کروڑ روپے اس بات کے گواہ ہیں کہ کس طرح ان کھاتوں نے بچت کرنے کا طریقہ تبدیل کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ براہ راست فائدہ منتقلی (ڈي بي ٹی) کی توسیع کرنے سے گزشتہ ساڑھے چار سال میں 6.05 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مستفیدین تک پہنچی ہے ۔ ڈي بي ٹي سے تقریبا ایک لاکھ 10 ہزار کروڑ روپے غلط ہاتھوں میں جانے سے بچے ہیں۔ تقریبا آٹھ کروڑ ایسے ناموں کو بھی مستفیدین کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے جو واقعی میں نہیں تھے اور بہت سے بچولئے فرضی ناموں سے عوام کی دولت لوٹ رہے تھے ۔