افغان صوبے ہلمند میں بینک پر کار بم حملے میں 29افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
افغان حکام کے مطابق دھماکا صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ میں نیوکابل بینک برانچ کے باہر اس وقت ہوا جب عام شہری اور سیکورٹی فورسز کے اہلکا ر تنخواہ کے حصول کیلئے کھڑے تھے۔
صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق کار بم دھماکے میں پولیس اور فوج کے اہلکاروں سمیت 29افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہوئے۔
دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان اور داعش ماضی میں ایسے بینکوں کو نشانہ بنا چکے ہیں جہاں سے فوجی اور سرکاری ملازمین تنخواہ وصول کرتے ہیں۔
گذشتہ ماہ مشرقی شہر گردیز میں بینک پر حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔