غاصب صیہونی حکومت کے پریس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے غزہ اور خاص طور سے غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے خلاف جنگ جاری رکھے جانے سے اتفاق کر لیا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غزہ اور رفح کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کئے جانے کی منظوری دے دی ہے اور صیہونی حکام نے غزہ اور خاص طور سے غزہ کے جنوب میں واقع رفح کے خلاف جنگ جاری رکھے جانے سے اتفاق کر لیا ہے۔
صیہونی فوج کے ترجمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے آرمی چیف، اسرائیل کی اندرونی سلامتی کی تنظیم شاباک، غزہ کے جنوبی علاقے کے صیہونی فوجی کمانڈر، شاباک کے نائب سربراہ اور متعدد دیگر اسرائيلی فوجی کمانڈروں نے جنگ جاری رکھے جانے سے اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائيل اگر رفح پر حملہ کرتا ہے تو غیر انسانی جرائم کا مرتکب ہو گا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ مکمل امریکی حمایت سے ہی شروع ہوا جو بدستور جاری ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کو اپنے ایک متضاد بیان میں رفح پر اسرائیل کے حملے کو ریڈ لائن قرار دیا تاہم کہا کہ اسرائیل کے لئے امریکی حمایت جاری رہے گی اور اسرائيل کا دفاع امریکہ کے لئے حیات بخش ہے۔