انڈیا میں عام انتخابات جوں جوں قریب آ رہے ہیں انتہا پسند تنظیموں اور گروہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو سیاسی فائدہ پہنچنے کے لیے ’فیک نیوز‘ اور ’فیک تصاویر‘ یعنی جھوٹی خبروں اور جھوٹی تصاویر جاری کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا اور اسی سلسلہ میں حج کی ایک تصویر کو بھی کمبھ میلے کی تصاویر بنا کر پیش کر دی۔
’قوم پرست حکومت چننے کا کتنا فائدہ ہوتا ہے!‘ اس جملے کے ساتھ دائیں بازو کا رجحان رکھنے والے فیس بک اور ٹوئٹر صارفین نے ایک تصویر پوسٹ کی ہے۔
اس تصویر کو یوپی میں ’یوگی سرکار کی جانب سے الہ آباد میں کنبھ میلے کی تیاری کی جھلک‘ بتایا گیا ہے۔
کچھ لوگوں نے لکھا ہے کہ اترپردیش کی یوگی سرکار نے ’ترقی اور انتظامات کے معاملے سبھی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘
ایک جگہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ جگمگاتی تصویر سعودی عرب کی نہیں ہے، بلکہ کنبھ میلے کے حوالے سے یوگی سرکار کی تیاری کی جھلک ہے۔ لیکن یہ سبھی دعوے جھوٹ ہیں۔
دراصل یہ تصویر حج کے وقت کی ہے، اگست 2018 میں یہ تصویر سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ میں شائع ہوئی تھی۔
جس جگہ کی یہ تصویر ہے اسے وادیِ منا کہا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں بہت سے لوگ وادی منا کو ’ٹینٹ سٹی‘ کے نام بھی جانتے ہیں۔
اور جس پل کے ارد گرد ٹینٹ سٹی بنا ہوا ہے وہ شاہ خالد بریج کے نام سے مشہور ہے۔