. پاکستان کے شمالی ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی تیسری جماعت کی طالبہ عائشہ ایاز نے دبئی میں فجیرہ مارشل آرٹ کلب کے زیر اہتمام ساتویں فجیرہ اوپن تائی کوانڈو چیمپین شپ کے بین الاقوامی مقابلوں میں 27 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
عائشہ ایاز تائی کوانڈو میں پاکستان کی کم عمر ترین خاتون کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے تین سال کے عمر میں اس مارشل آرٹ کی پریکٹس شروع کی اور بہت ہی کم عرصے میں وہ پانچ بار ضلعی چیمپئن، دو بار صوبائی چیمپئن، اور تین بار نیشنل چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
عائشہ کے والد ایاز نائیک بھی تائی کوانڈو کے کھلاڑی ہیں اور عائشہ کی تربیت بھی وہ خود کر رہے ہیں. وہ بھی تھائی لینڈ میں ہونے والی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کو چھوٹی عمر سے تائی کوانڈو کی تربیت دینی شروع کر دی تھی۔
عائشہ کے دو چھوٹے بھائی بھی تائی کوانڈو کے کھلاڑی ہیں۔ چھ سالہ زریاب خان قومی سطح پر گولڈ میڈل جبکہ پانچ سالہ زیاب خان چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔
میڈل جیت کر جب عائشہ اپنے شہر واپس آئیں تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ایک خصوصی کیک کاٹا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا تعلق بھی سوات سے ہے