بولی وڈ میگا اسٹار 78 امیتابھ بچن آنکھوں کی کامیاب سرجری کے بعد دوبارہ فلمی کام پر جانے کے لیے پرعزم ہیں اور انہیں ہسپتال سے بھی ڈسچارج کردیا گیا۔
امیتابھ بچن نے 28 فروری کو اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کی طبیعت خراب ہے اور انہیں ایمرجنسی میں سرجری کروانی پڑ رہی ہے، اداکار کی ایسی پوسٹ پر ان کے مداح پریشان ہوگئے تھے۔
تاہم بعد ازاں یکم مارچ کو امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ اور ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کی آنکھوں کی سرجری ہوئی ہے اور اب وہ بہتر ہو رہے ہیں۔
تاہم اب اداکار نے بتایا ہے کہ انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور وہ دوبارہ فلمی شوٹنگ پر جانے کے لیے پر عزم ہیں۔
اس حوالے سے بولی وڈ ہنگامہ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امیتابھ بچن سرجری کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں اور وہ جلد فلموں کی شوٹنگ کا آغاز بھی کریں گے۔
امیتابھ بچن نے بھی اپنی بلاگ پوسٹ میں طویل العمری میں آنکھوں کے آپریشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضعیف العمری میں ایسے مراحل نازک بن جاتے ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنی طویل پوسٹ میں بتایا کہ کس طرح انہیں ایک ہی چیز کے تین روپ میں دکھائی دینے لگی تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے آنکھوں کی سرجری کرائی۔
میگا اسٹار نے بتایا کہ طویل العمری کے باعث اگرچہ آنکھوں کی سرجری کروانا نازک معاملہ تھا مگر ڈاکٹرز اور مداحوں کی سپورٹ کی وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ بھی کیا اور اب وہ مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔
امیتابھ بچن کے مطابق زائد العمری کی وجہ سے ان کی بہتر ہونے کی رفتار سست ہے مگر پھر بھی ان کی طبیعت میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔
میگا اسٹار نے بتایا کہ صحت مند ہونے کے بعد جلد ہی وہ دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے اور ان کی اگلی شوٹنگ گڈ بائے نامی فلم کی ہوگی۔
خیال رہے کہ طویل العمری کی وجہ سے گزشتہ چند سال سے امیتابھ بچن مختلف طبی مسائل کی وجہ سے متعدد بار ہسپتال داخل ہو چکے ہیں۔
گزشتہ برس جولائی میں انہیں کورونا بھی ہوا تھا اور وہ تقریبا 6 ہفتوں تک ہسپتال میں رہے تھے تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 2019 میں بھی وہ کچھ طبی مسائل کی وجہ سے کم از کم 4 دن تک ہسپتال میں رہے تھے۔
امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کی وجہ سے مداحوں کو اپنی طبیعت میں خرابی اور صحت سے متعلق خود ہی آگاہ کرتے رہتے ہیں اور عام طور پر ہسپتال داخل ہونے پر وہ بتاتے رہتے ہیں کہ وہ طویل العمری کی وجہ سے چیک اپ کراتے رہتے ہیں۔
ضعیف العمری کے باعث بعض اوقات امیتابھ بچن شوٹنگ کے دوران بھی سخت موسم اور مشکل اسٹنٹس کی وجہ سے بیمار پڑ جاتے ہیں تاہم اس کے باوجود وہ کچھ دن آرام کے بعد دوبارہ شوٹنگ پر واپس آجاتے ہیں۔