دنیا: فارس نیوز کے مطابق ہالینڈ میں پاکیڈا نامی ایک انتہا پسند گروہ کے سرغنہ ایدوین واگنسولڈ نے شانِ قرآنی میں گستاخی کرتے ہوئے پہلے اُسے پارہ کیا اور پھر اُسے نذر آتش کر دیا۔
سویڈن کے بعد اب ہالینڈ میں ایک بار پھر شانِ قرآنی میں گستاخی کی گئی ہے جو بارِ دیگر دنیا بھر کے مسلمانوں کے شدید غم و غصے کا باعث بنی ہے۔
دو روز قبل بھی سویڈن میں ایک دائیں بازو کے ایک انتہا پسند سیاستداں راسموس پالودان نے قرآن کریم کی اہانت مسلمانوں کی توہین کر کے دنیا کی ایک ارب مسلم آبادی کو رنجیدہ خاطر کر دیا تھا۔ پالودان کے اس اقدام پر دنیائے اسلام کا سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور انہوں نے سویڈن کی حکومت پر اسلام مخالف اقدامات کی روک تھام نہ کرنے پر سخت تنقید کی تھی۔
ایران، یمن، ترکیہ، مصر، امارات، الازہر مصر، علمائے اسلام عالمی اسمبلی، قطر، سعودی عرب، انڈونیشیا، اردن، مراکش، اسلامی تعاون تنظیم، خلیج فارس تعاون تنظیم، حزب اللہ لبنان اور فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں حماس و جہاد اسلامی سمیت دنیا کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے سویڈن کے اس اقدام کی سخت مذمت کی گئی تھی۔
اسلامی ممالک اور تنظیموں کے علاوہ روس نے بھی سویڈن میں ہونے والی قرآن کریم کی بے حرمتی کی مذمت کی۔
روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے اسٹاکہوم سے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے اقدامات کی روک تھام کے لئے لازمی اقدامات کرے۔ روس کے ارتھوڈوکس چرچ کے ایک رہنما ولادیمیر لوگویڈا نے بھی سویڈن کے اس اقدام کو ایک وحشیانہ اور ناقابل قبول اقدام قرار دیا اور اسکی سخت مذمت کی۔