سری نگر: وادی کشمیر کے معروف شیعہ عالم دین حجتہ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی پیر کی صبح وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں اپنے گھر میں انتقال کرگئے ۔ وہ انجمن شرعی شیعیان (جموں وکشمیر) کے صدر تھے ۔ انہیں جموں وکشمیر میں اتحاد بین المسلمین کا داعی سمجھا جاتا تھا۔وہ اپنے بیشتر خطابات میں مسلمانوں کے تمام فرقوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے تھے ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آغا سید محمد فضل اللہ گذشتہ کئی برسوں سے علیل تھے اور پیر کی صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے اللہ کو پیارے ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا ‘انہیں ضلع کورٹ کے نذدیک واقع خاندانی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا’۔ بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق آغا سید محمد فضل اللہ کی انتقال کی خبر پھیلتے ہی ان کے ہزاروں چاہنے والے نماز جنازہ میں شرکت کی غرض سے بڈگام پہنچ گئے ہیں۔ آغا سید محمد فضل اللہ وادی کے معروف عالم دین و اسلامی اسکالر مرحوم آغا سید یوسف الموسوی الصفوی کے فرزند تھے ۔ ان کے بھائی آغا سید محمود نیشنل کانفرنس سے وابستہ ممبر قانون ساز کونسل ہیں جبکہ ان کے فرزند آغا سید ہادی کا شمار وادی کے معروف نوجوان اسلامی اسکالروں میں ہوتا ہے ۔ دریں اثنا وادی کی متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات نے آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ‘میں آغا صاحب کی انتقال پر اپنے ساتھیوں آغا محمود صاحب اور آغا روح اللہ صاحب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اللہ آغا صاحب کو جنت نصیب کرے ‘۔