نئی دہلی۔ کیرالہ میں کوزی کوڈ ائیرپورٹ پر جمعہ کی شام ائیر انڈیا ایکسپریس کا ایک طیارہ رن وے پر پھسل کر حادثہ کا شکار ہو گیا۔ پھسلنے کے بعد طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا اور وادی میں گر کر دو حصوں میں منقسم ہو گیا۔ ڈی جی سی اے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طیارہ میں تقریبا 191 لوگ سوار تھے۔
ڈی جی سی اے نے کہا کہ اڑان نمبر (آئی ایکس 1344) والا طیارہ بھاری بارش کے بیچ ہوائی پٹی کے آخر تک پہنچ گیا اور ’ وادی میں گر کر دو حصوں میں ٹوٹ گیا‘۔ اس طیارہ حادثہ میں پائلٹ اور شریک پائلٹ سمیت 19 لوگوں کی جان جا چکی ہے جبکہ 15 مسافر سنگین طور پر زخمی ہیں۔ 121 دیگر مسافروں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
حادثہ کے بعد راحت اور بچاو کاموں کے لئے پولیس، این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی کئی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ فائر بریگیڈ اور چوبیس ایمبولینس کی گاڑیاں جائے حادثہ پر گھنٹوں راحتی کاموں میں لگی رہیں۔ جمعہ کی دیر رات تک راحت اور بچاو کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
سبھی مسافروں کو طیارہ سے باہر نکال لیا گیا۔ کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پی وجین نے راحت اور بچاو کام پورا کر لئے جانے کی جانکاری دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبھی زخمیوں کو ملاپورم اور کوزی کوڈ کے اسپتالوں میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ مسافروں کو نکالنے کے بعد اب طیارے کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔
کیرالہ طیارہ حادثہ کی جانچ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی)کو سونپی جائے گی۔ شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ کی رسمی جانچ اے اے آئی بی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر انڈیا اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں ممبئی اور دہلی سے کوزی کوڈ پہنچ رہی ہیں۔