نئی دہلی: سرکاری طیارہ کمپنی ایئرانڈیا کی باگڈوگرا-دہلی فلائٹ میں اے سی خراب ہونے کے باوجود طیارے کے پرواز بھرنے کے معاملے میں شہری ہوابازی کی نگرانی کرنے والے ادارے ڈی جی سی اے نے نوٹس لیا ہے ۔
پرائیویٹ طیارہ کمپنیوں کے مسافر بھی اس طرح کی شکایتیں کرتے رہتے ہیں۔اس معاملے میں ایک پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینل پر خبر دکھائے جانے کے بعد ایئرلائن اور شہری ہوابازی کاڈائیریکٹوریٹ (ڈی جی سی اے )حرکت میں آگیا ہے ۔
ایئر انڈیا کے ک ایک ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن نے اندرونی جانچ کا حکم دے دیا ہے ۔ساتھ ہی ڈی جی سی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے بھی اس پر نوٹس لیا ہے ۔
ایئر انڈیا کی پرواز نمبر اے آئی 880اتوار دوپہر بعد ایک بج کر 50منٹ پر باگڈوگرا سے روانہ ہوئی تھی اور 3 بج کر 52منٹ پر دہلی ہوائی اڈے پر اتری۔مسافروں نے بتایا کہ طیارے کا اے سی خراب تھا اور مسافروں کا گرمی سے برا حال تھا۔کچھ مسافروں نے ہنگامہ بھی کیا۔اس کے باوجود پائلٹ نے پرواز بھری اور قریب دو گھنٹے تک مسافروں کو گرمی برداشت کرنی پڑی۔