دارالحکومت دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں منگل کو فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خراب ریکارڈ کی گئی ۔
ویسے دہلی میں دیوالی کے بعد سے فضا مستقل آلودہ ہے اور اس کے لئے پرالی جلائے جانے کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق، آج صبح 8.30 بجے دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی سنگین رہی۔ کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کی سطح 400 ریکارڈ کی گئی۔ وہیں نریلا میں اے کیو آئی 571 کی خطرناک سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی ٹی او پر اے کیو آئی 441، راج پتھ پر 417 اور مندر مارگ میں 352 تھا۔ دریں اثنا، فصل کی کٹائی کے بعد پرالی جلانے کے معاملات میں اضافہ فضائی آلودگی کی سطح کو بڑھا سکتا ہے۔
آلودگی کی سطح بڑھنے سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دہلی اور این سی آر میں تین دنوں سے اسموگ اور دھند کی ایک تہہ نظر آرہی ہے اور فی الحال راحت کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔
اس خراب ہوتی آلودگی کی وجہ سے سانس کی بیماری کی شکائتیں بڑھ رہی ہیں اور جو لوگ پہلے سے سانس کی بیماری سے پریشان ہیں ان کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امید کی جا رہی تھی کہ اس سال دہلی کے لوگوں کو اس پریشانی کا سامنا کم کرنا پڑے گا کیونکہ پنجاب میں جہاں پرالی جلائے جانے کی وجہ سے دہلی اور آس پاس کی فضا آلودہ ہو تی ہے وہاں پر اب عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے یعنی دونوں صوبوں میں عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے لیکن اس کا اثر دکھائی دے نہیں رہا۔