فضائی آلودگی سے بچنے کیلئےمکانات، فلیٹوں اوراپارٹمنٹس میں یا ان کے ارد گرد لازماً کچھ نہ کچھ باغات تعمیر کیے جائیں
فضائی آلودگی سے وابستہ نقصانات کی فہرست دن بہ دن طویل تر ہوتی جارہی ہے۔ ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ طویل عرصے تک آلودہ ماحول میں رہنے والوں کو اکثر نہ صرف ہائی بلڈ پریشر شکایت رہتی ہے بلکہ انہیں دل کی مختلف بیماریوں اور ذیابیطس کے علاوہ فالج کے حملے کا خطرہ بھی صاف ستھرے ماحول میں رہنے والے لوگوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
یہ تحقیق لتھوینیا کے دوسرے بڑے شہر کاؤناس میں رہنے والے، ایسے 1345 افراد پر کی گئی جو وہاں مکانات اور کثیرالمنزلہ عمارتوں میں عرصہ دراز سے مقیم ہیں۔
سروے کے اختتام پر انکشاف ہوا کہ جو لوگ باغ باغیچوں اور درختوں والے سرسبز مقامات سے قریب رہائش پذیر تھے (جہاں فضائی آلودگی بھی کم تھی)، اُن میں بلڈ پریشر اور امراضِ قلب سے لے کر ذیابیطس اور فالج کی شرح بھی خاصی کم تھی۔ اس کے برعکس، باغات سے دُور اور آلودہ مقامات پر رہنے والوں میں ان کیفیات کی شرح نمایاں طور پر زیادہ تھی۔ علاوہ ازیں، کثیرالمنزلہ عمارتوں میں رہنے والوں کو بھی مذکورہ خطرات کا زیادہ سامنا تھا۔