نئی دہلی، 24 اکتوبر (یواین آئی) ملک کی راجدھانی دہلی۔این سی آر میں ہر سال کی طرح اس سال ائرکوالیٹی سنیچر کو ’بہت خراب‘ زمرے میں برقرار رہا اور لوگوں کو سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔
دہلی میں آج دوپہر بارہ بجے پی ایم 10 ائر کوالیٹی انڈیکس (کیو آئی) 321 رہا اور پی ایم 2.5 انڈیکس 169 رہا جو کہ بہت خراب زمرے میں ہے۔
اگر ہوا کا معیار انڈیکس جب 0 اور 50 کے درمیان ہوتا ہے تو اسے ایک اچھا زمرہ سمجھا جاتا ہے جبکہ 51 اور 100 کے درمیان اطمینان بخش ہے ، 101 سے 200 کے درمیان معتدل ، 201 سے 300 کے درمیان خراب اور 301 اور 400 کے درمیان بہت خراب اور جبکہ 401 سے 500 کے درمیان ہوتا ہے تو سب سے سنگین سمجھا جاتا ہے۔
ائر کوالیٹی اور موسم کی پیش گوئی اور ریسرچ ایجنسی کے مطابق دہلی کی 17 فیصد آلودگی پرالی جلانے کی وجہ سے ہے۔ تاہم ایجنسی نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار کے روز ہوا کے معیار میں قدرے بہتری آسکتی ہے تاکہ وہ 289 انڈیکس پر برقرار رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ کم سے کم 18 ڈگری سیلسیس اور آسمان صاف رہنے کی توقع ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو معمول سے دو ڈگری کم تھا۔