نئی دہلی : کووڈ۔ 19 وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ سفر کرنے سے خوفزدہ ہیں یا چاہ کر کے بھی سفر نہیں کرپارہے ہیں۔ اس کے پیش نظر بہت سی ائرلائن کمپنیوں نے گھریلو راستوں پر بلا معاوضہ سفر کی تاریخ میں تبدیلی کی پیش کش کی ہے۔
ملک کی سب سے بڑی ائر لائن انڈیگو نے کہا ہے کہ مسافر 17 اپریل سے 30 اپریل کے درمیان سفر کے لئے اسی دوران بک کرائے گئے ٹکٹ پر بغیر کسی فیس کے تاریخ میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔ وہ آگے کسی بھی تاریخ کی بکنگ کراسکتے ہیں۔ تاہم ٹکٹ رد کرانے یا سیکٹر میں تبدیلی کے لئے فیس ہوگی۔ یہ سہولت گروپ بکنگ کرانے والوں کو نہیں ملے گی۔
سستی ائرلائن کمپنی اسپائس جیٹ نے 17 اپریل سے 15 مئی کے درمیان سفر کے لئے بک کرانے والے ٹکٹ کی تاریخ میں تبدیلی کے لئے فیسوں میں معافی کا اعلان کیا ہے بشرطیکہ یہ بکنگ 17 اپریل سے 10 مئی کے درمیان کرائی گئی ہو۔ یہ پیش کش براہ راست پروازوں پر ہی تسلیم کیا جائے گا۔
ائر ایشیا انڈیا نے کہا ہے کہ مسافر پندرہ مئی تک کے سفر کے لئے بک کرائی گئی ٹکٹوں کی تاریخ میں بلاتامل تبدیلی کراسکتے ہیں۔