بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور نوجوان اداکار رنبیر کپور کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ نے ریلیز سے قبل ہی شائقین کو خاصہ بے تاب کردیا ہے۔
جہاں یہ دونوں اداکار پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں جلوہ گر ہونے جارہے ہیں وہیں اس فلم کے ٹریلر اور گانوں کو دیکھ کر مداح ان کی جوڑی کو خاصہ پسند کررہے ہیں۔
تاہم اگر کوئی اور چیز اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے تو وہ ہے رنبیر کپور اور ایشوریا رائے بچن کی 18 سال پُرانی ایک تصویر۔
یہ تصویر 42 سالہ ایشوریا رائے بچن کے کیرئیر کی شروعات میں لی گئی تھی جب وہ 34 سالہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور اور اکشے کھنا کے ساتھ فلم ’آ اب لوٹ چلیں‘ کی شوٹنگ کررہی تھیں۔
واضح رہے کہ یہ دونوں اداکار بہت جلد اپنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی پروموشنز کا آغاز کریں گے، اس فلم میں انوشکا شرما اور فواد خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔