لکھنؤ : ریاستی کانگریس صدر اجے کمار للو نے وارانسی کے ضلع کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور صحافی این ڈی تیواری کا گولی مار کر قتل کئے جانے کی واردات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واردات کی سخت مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت میں نظم و نسق پوری طرح درہم برہم ہوچکا ہے اور بدمعاشوں کے حوصلے بلند ہیں۔ اجے للو نے کانگریس لیڈر اور صحافی این ڈی تیواری کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلانے اور متاثرہ کنبے کو ۵۰ لاکھ روپئے مالی مدد اور کنبے کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت دئے جانے کامطالبہ کیا ہے۔
اجے للو نے الزام عائد کیا کہ یوگی حکومت میں بی جے پی حمایت یافتہ زمین مافیا ناجائز قبضے کے سلسلے میں آئے دن خون خرابہ کر رہے ہیں۔ پولیس بدمعاشوں کو پکڑنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوجا ارچنا کرکے شول ٹنکیشور مندر سے واپس آ رہے این ڈی تیواری کا جس طرح روہنیا تھانے کے کرہوا اینٹ بھٹے کے نزدیک بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کیا، یہ یوگی راج جنگل راج کا ثبوت ہے۔ بدمعاشوں کا حوصلہ اتنا بڑھ چکا ہے کہ وہ جب چاہتے ہیں، واردات کو انجام دے کر فرار ہو جاتے ہیں اور پولیس دیکھتی رہ جاتی ہے۔ مسلسل صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں۔
جرائم پیشہ عناصر پر حکومت اور پولیس کا کوئی رعب نہیں ہے۔ جنگل راج میں بدل چکے یوگی راج میں کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مسلسل کارروائی جاری ہے۔ ان پر فرضی مقدموں سے لے کر قتل تک کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی رہنماؤں اور بدمعاشوں کے گٹھ جوڑ کے سبب کھلے عام کانگریس سمیت حزب مخالف لیڈروں کے قتل ہو رہے ہیں۔ جنہیں سرکاری تحفظ حاصل ہے۔ جمہوریت کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور قومی پارٹی کے لیڈر غیر محفوظ ہیں، تو عام آدمی کی حفاظت کا اندازہ آسانی سے لگایا جاسکتا ہے۔