پونے : مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) (اجیت پوار دھڑے ) کے صدر اجیت پوار نے اتوار کو پونے سے کھیڈ شیو پور تک روڈ شو کیا۔
روڈ شو شروع کرنے سے پہلے مسٹر پوار این سی پی کے سٹی صدر دیپک منکر، کارگزار صدر پردیپ دیشمکھ اور کئی دوسرے لوگوں کے ساتھ یہاں کے مشہور ڈگڈو سیٹھ گنپتی مندر میں پوجا کی۔ پوجا میں پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔
روڈ شو کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر پوار نے این سی پی میں بغاوت کے بعد اپنی پہلی تقریر میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کی خواہش ظاہر کی۔ شہر بھر میں خود کو ‘مستقبل کا وزیر اعلی’ قرار دینے والے بینرز پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینرز لگانے سے کوئی وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتا، لیکن ریاست کے لوگوں کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ‘‘آپ بینرز لگا کر مستقبل کے وزیر اعلیٰ یا سرپرست وزیر نہیں بن سکتے ۔ اگر کوئی وزیر اعلیٰ بننا چاہتا ہے تو اسے 145 کے جادوئی ہندسے تک پہنچنا ہوگا۔ جو بھی اس نمبر تک پہنچ سکتا ہے وہ وزیر اعلیٰ بن جاتا ہے ۔” مسٹر ٹھاکرے اور مسٹر دیویندر فڈنویس نے یہ نمبر حاصل کیا ہے ۔ اب مسٹر ایکناتھ شنڈے نے بھی یہ حاصل کر لیا ہے ۔
مراٹھا ریزرویشن مسئلہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “ریاستی حکومت کے ایک نمائندے ارجن کھوتکر نے منوج جارنگے پاٹل سے ملاقات کی، لیکن ابھی تک کوئی حل نہیں نکلا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے اس معاملے پر اپوزیشن کا موقف جاننے کے لیے اجلاس بلایا ہے ۔ میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ کنبی اور او بی سی کوٹے کو نقصان پہنچائے بغیر مراٹھا برادری کو کس طرح ریزرویشن دیا جاسکتا ہے ۔
مسٹر پوار روڈ شو کے بعد کولہاپور کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔