مظفرنگر : راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر چودھری اجیت سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے فسادات کرواکر کامیابی حاصل کی تھی اور اب دوبارہ اس طرح فساد کروانا چاہتے ہیں ۔ چودھری اجیت سنگھ نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن جمہوریت کو بچانے کیلئے بنا یا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ متحدہ محاذ بی جے پی کو مظفر نگر میں ہی دفن کردے گا ۔ اجیت سنگھ مظفر نگر میں سماج وادی ، بی ایس پی او رلوک دل کے کارکنان سے خطا ب کررہے تھے اس دوران انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کبھی سچ نہیں بولتے ہیں ۔ وہ جملہ بازی میں ہی یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی نریندر مودی ہے جس نے پانچ سال قبل کہا تھا کہ ہر ہندوستانی کے بنک اکاؤنٹ میں ۱۵ ۔ ۱۵؍لاکھ روپے آئیں گے ۔ اجیت سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں روزگار میں نہ صرف کمی ہوئی ہے بلکہ روز گار ختم ہی ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان عوام اب مودی کی چال سمجھ چکے ہیں اب کوئی بہکائے میں نہیں آنے والا ہے ۔