اترپر دیش کے وزیراعلیٰ جناب اکھلیش یادو نے کہاکہ سماج کے سبھی طبقوں کی سہولت کے لئے ریاستی حکومت جلد ہی سما ج وادی اسمارٹ فون اسکیم شروع کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ۲۱ ویں صدی امکانات کی صدی ہے ۔اس کے پیش نظر ریاستی حکومت مسلسل انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے ، جس سے سماج کے تمام طبقوں کو ترقی کے مساوی موقع فراہم ہوسکیں۔
انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی مفت لیپ ٹاپ تقسیم اسکیم کی مدد سے سماج وادی حکومت نے صحیح معنی میں معاشرے کے تمام طبقوں میں ڈیجیٹل جمہوریت لانے کا کام انجام دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مفت لیپ ٹاپ تقسیم اسکیم کے نتیجوں سے حوصلہ پاکر ریاستی حکومت نے اب’ سماج وادی اسمارٹ فون اسکیم‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماج وادی اسمارٹ فون کے توسط سے عوام اور حکومت کے درمیان ٹو۔ وے کمیونیکیشن ممکن ہوسکے گا۔ اس کے ذریعہ جہاں ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی تمام اسکیموں سے متعلق اطلاعات اور معلومات کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کی پالیسیاں عوام تک پہنچانے میں مدد ملے گی، وہیں براہ راست عوام اور مستفیدین سے اسکیم کے سلسلے میں اہم فیڈ بیک حاصل ہوسکے گا۔
انہوں نے کہاکہ سماج وادی اسمارٹ فون جدید تکنیک سے آراستہ اچھے معیار کا ایسا اسمارٹ فون ہوگا جس میں ایپ بھی موجود ہوگا اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کی آڈیو ، ویڈیو اور ٹیکسٹ چوول اطلاعات شامل ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سماج وادی اسمارٹ فون کے ایپ میں کسانوں اور دیہی عوام کے لئے نئی تکنیک ، زرعی پیداوار کے موجودہ بازار نرخ اور نئے طریقۂ کار(بیسٹ پریکٹیسیز) کے علاوہ موسم کی معلومات بھی حاصل ہوں گی۔ جناب یادو نے کہاکہ سماج وادی اسمارٹ فون کے مستفیدین کے انتخاب کا طریقہ پوری طرح شفاف ہوگا ۔ اس اسکیم کے مستفیدین کو ریاستی حکومت کے کسی دفتر میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ یہ بھی انتظام کیا جارہا ہے کہ آن لائن مستفید کے انتخاب کے بعد اسمارٹ فون براہ راست اس کے گھر ارسال کیا جائے گا، تاکہ اس میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی ممکن نہ ہوسکے۔ انہوں نے بتایاکہ خواہش مند مستفید کو کم از کم ہائی اسکول پاس ہونا چاہئے ۔ اس کے لئے ایک ماہ کے اندر رجسٹریشن کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔ اس کی آن لائن درخواست کے لئے اترپر دیش کا شہری ہونا ضروری ہے ۔
درخواست دہندہ کی کم سے کم عمر یکم جنوری 2017 کو18 سال ضرور ہونی چاہئے۔ سرکاری خدمات میں کام کرنے والے افراد درخواست کے اہل نہیں ہوں گے ۔ اس کے علاوہ اگر درخواست دہندہ کا سرپرست بھی سرکاری خدمت میں برسرکار ہے تو درخواست نہیں دی جاسکتی۔اسی طرح اگر کوئی درخواست دہندہ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کررہا ہے اور کنبے کی سالانہ آمدنی دولاکھ روپئے سے کم ہے ، تبھی درخواست دی جاسکے گی۔ آن لائن رجسٹریشن کرتے وقت صرف ہائی اسکول سرٹیفکیٹ کی اسکین کی ہوئی کاپی اپلوڈ کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے وقت اور کوئی کاغذ نہیں دینا ہوگا۔اسمارٹ فون کی تقسیم سال ۲۰۱۷ کی دوسری چھ ماہی میں پہلے آؤ ؍پہلے پاؤ رجسٹریشن کے نظام کے توسط سے کی جائے گی۔ درخواست دہندہ کو رجسٹریشن کے وقت درخواست میں دی گئی اطلاعات کی خود تصدیق کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی درخواست کی ہر سطح پر ایم ایم ایس کے توسط سے الرٹ میسیج دینے کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ سماج وادی حکومت نے تقریباً۱۸ لاکھ مفت لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں اور ان کی تقسیم میں کسی بھی سطح پر بدعنوانی کی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔ اسی طرح سماج وادی اسمارٹ فون اسکیم کے تحت تقسیم کئے جانے والے فون اعلا معیار کے ہوں گے ۔ا سکیم میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی نہ ہونے پائے اسی لئے اس کا رجسٹریشن آن لائن کرانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس اسکیم کے توسط سے ریاستی حکومت کی اسکیموں میں شفافیت آئے گی اور ریاست کے دور دراز علاقوں سے حکومت کو براہ راست فیڈ بیک حاصل ہوگا، جس کا فائدہ انتظامیہ کو مزید چاق وچوبند بنانے میں ملے گا۔