لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اتر پردیش میں روڈ ویز بس کرایہ میں تقریباً 24 فیصد اضافہ پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاستی حکومت ‘انوسٹرس سمٹ’ کے اخراجات عوام سے وصول کرنا چاہتی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (UPSRTC) کی جانب سے عام بسوں (روڈ ویز بس) کا کرایہ بڑھا دیا گیا ہے، اب بسوں میں سفر کرنا اور بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ اس کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اس پر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہابس کرایہ میں 24 فیصد اضافہ کرکے کیا اتر پردیش کی بی جے پی حکومت سرمایہ کاروں کے اجلاس کے اخراجات عوام کی جیب سے نکالنا چاہتی ہے؟ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نہ تو پچھلی سرمایہ کاری آج تک آئی ہے اور نہ ہی آئندہ آئے گی۔