لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر سال نو پر لوگوں سے ملنے کے دوران اکھلیش یادو نے کہاکہ سماج وادی پارٹی ذات برادری والی پارٹی نہیں ہے، نوجوانوںکی پارٹی ہے۔ نوجوان ہی تبدیلی کے جھنڈا بردار ہوتے ہیں وہ پھر سے اقتدار تبدیل کریں گے۔
اکھلیش یادو نے کہاکہ جب ایک تاریخ بدلنے سے ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے تو اگر بی جے پی حکومت بدل گئی تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کیا اثر ہوگا؟۔ اس کیلئے عہد لینا ہوگا کہ حکومت تبدیل ہو۔جمہوریت میں جھوٹ بولنا، دھوکہ دینا بدعنوانی ہے، دہلی سے جھوٹ چلا جو لکھنؤ تک پہنچ گیا۔ پورے ملک میں جھوٹ پر جھوٹ کی توسیع کردی۔ نئے سال میں عوام کے ساتھ اچھا ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سماج وادی تو ترقی کے راستے پر ریاست کو لے جارہے تھے بی جے پی نے وہ سبھی راستے بند کردیئے۔ تعلیم اور صحت کے میدان میں بدنظمی ہے، قرض سے لدے کسان خودکشی کررہے ہیں، نظم ونسق برباد ہے۔ اس موقع پر کرن مے نندا، احمد حسن، راجیندر چودھری، بھی موجود تھے۔