الہ آباد:سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کو الاٹ کئے گئے سرکاری بنگلہ خالی کرنے اور اس میں ہوئی توڑپھوڑ کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کی ورکر کمیٹی کے ممبروں نے مقدمہ درج کرنے کے لئے تحریر دی ہے ۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بی جے پی ورکرز کمیٹی کے کارکن سریندر کمار چودھری نے کل دوپہر بعد سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کولکھنؤ کے 4۔ وکرمادتیہ واقع الاٹ کی گئی سرکاری رہائش گاہ خالی کرتے وقت کی گئی توڑ پھوڑ کے معاملہ میں شیو کٹی تھانہ میں تحریر دیکر مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹر چودھری بی جے پی کارکنان کے ساتھ تھانہ پہنچے اور مسٹر اکھلیش کے خلاف تحریر دیکر مقدمہ درج کرنے کی مانگ کرنے لگے ۔
انہوں نے بتایا کہ معاملہ چونکہ لکھنؤ کا ہے اس لئے جو بھی کارروائی ہوگی وہ لکھنؤ میں ہوگی ۔ فی الحال یہ تحریر لے لی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ فن تعمیر کے لحاظ سے مشہور 4 ۔ وکرما دتیہ مارگ واقع بنگلہ کو اکھلیش یادو کے ذریعہ خالی کئے جانے کے بعد جب پراپرٹی ٹیکس کے کارکن وہاں پہنچے تو انہیں سب کچھ ٹوٹا پھوٹا ہوا ملا ۔ مسٹر اکھلیش کو یہ بنگلہ الاٹ کئے جانے کے بعد اس کو شاندار شکل دینے کے لئے کئی کروڑ روپے خرچ کئے گئے تھے ۔
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے پھول پور کے ایم پی ناگیندر سنگھ پٹیل نے الزام لگایا کہ سستی مقبولیت حاصل کرنے کے لئے بی جے پی کسی بھی سطح تک جا سکتی ہے ۔لوگوں میں مسٹر اکھلیش کی شبیہ کو خراب کرنے کی غرض سے یہ سازش رچی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا کوئی انسان باتھ روم کی ٹونٹی کھول کر لے جائے گا ۔ یہ حلق سے نیچے اتر نے والی بات ہرگز نہیں ۔ ایک معمولی آدمی بھی مکان خالی کرتے وقت ایسی نیچ حرکتیں ہرگز نہیں کرتا ۔ وہ تو ریاست کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں ۔ ایم پی نے سریش چودھری کے بارے میں کہاکہ وہ بہت جلدی میں ہیں ۔ وہ بی جے پی کی آنکھوں کا تار ابننے کے لئے ایسی حرکتیں کر رہے ہیں ۔ وہ بہت جلد قدآور لیڈر بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔