ممبئی، 8ستمبر ؛بالی ووڈ میں کھلاڑی کمار یعنی اکشے کمار کا نام ان چنندہ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً 25 برسوں سے اپنی دمدار اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام بنا لیا ہے۔
اکشے کمارکا حقیقی نام راجیو بھاٹیہ ہے ان کی پیدائش 9 ستمبر 1967 کو پنجا ب کے امرتسر میں ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی۔
اکشے کا بچپن دہلی میں گذرا۔
پڑھائی مکمل کرنے کے بعد اکشے بینکاک چلے گئے اور وہاں شیف کا کام کرنے لگے۔
اس دوران وہ وہاں مارشل آرٹ سیکھتے رہے۔
بینکاک سے لوٹنے کے بعد اکشے کمار ممبئی آگئے اور مارشل آرٹ ٹرینر کا کام کرنے لگے۔
اسی دوران اکشے کی ملاقات فلم ہدایت کار پرمود چکرورتی سے ہوئی ۔
انہوں نے فلم دیدار میں کام کرنے کی پیش کش کی۔
حالانکہ اس سے پہلے ان کی فلم سوگندھ ریلیز ہوگئی تھی۔
دریں اثنا عباس مستان کی نظر اکشے کمار پر پڑی۔
انہوں نے اپنی فلم کھلاڑی جو 1992 میں ریلیز ہوئی تھی، کام کرنے کا موقع دیا۔
سسپنس اور رومانس سے بھرپور یہ فلم باکس آف پر ہٹ ثابت ہوئی۔
اس فلم کے بعد اکشے نے فلم انڈسٹری میں اپنے قدم جمانے شروع کردیئے۔