لکھنؤ: اداکار اکشے کمار اور ٹائیگر شراف دوشنبہ کو اپنے شاندار اسٹنٹ سے شہر کے لوگوں کو محظوظ کریں گے۔ اکشے اور ٹائیگر حسین آباد کے گھنٹہ گھر میں اپنی فلم چھوٹے میاں بڑے میاں کی تشہیر کریں گے۔
اس مقصد کیلئے کلاک ٹاور میں ایک بہت بڑا سیٹ بنایا گیا ہے۔اس بار اکشے کمار اور ٹائیگر شراف کی فلم چھوٹے میاں بڑے میاں عید پر ریلیز ہوگی۔ دونوں اداکاروں نے فلم کی پرموشن شروع کر دی ہے۔
پہلی بار لکھنؤ میں اس الگ اور منفرد انداز میں کسی فلم کی تشہیر کی جائے گی۔ عام طور پر پرانے لکھنؤ کے رومی گیٹ اور گھنٹہ گھر میں کئی فلموں کی شوٹنگ ہوئی ہے، لیکن پہلی بار گھنٹہ گھر میں اور اس شاندار شکل میں کسی فلم کی تشہیر کی جائے گی۔ یہاں اکشے اور ٹائیگر اپنے جانے پہچانے انداز میں اسٹنٹ پرفارم کریں گے جس کیلئے اسٹنٹس کیلئے ایک بہت بڑا اسٹیج اور اونچی لوہے کی دیواریں بنائی گئی ہیں۔
دونوں فنکاروں کو لائیو اسٹنٹ پرفارم کرتے ہوئے دیکھنے کیلئے لوگوں میں پہلے ہی زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔