لندن: آج کا دور اشتہاری بازی کا دور ہے اور جس پراڈکٹ کا اشتہار پرکشش اور لوگوں کے توجہ کا مرکز بن جائے اس کا استعمال بھی عام ہوجاتا ہے اسی لیے لوگوں میں خود کو اسمارٹ بنانے کے جنون کو استعمال کرتے ہوئے ایک سلم کلب نے ایک اشتہار لگایا جس میں کہا گیا ہے کہ ایلین زمین پر آتے ہی موٹے لوگوں کو سب سے پہلے اپنے ساتھ لے جائیں گے جب کہ اس اشتہار نے جلد پورے شہر میں مقبولیت حاصل کرلی۔
برطانیہ کی کاؤنٹی ڈربی شائر کے علاقے میں واقع سلم کلب نے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک ایسا بل بورڈ بنا ڈالا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز تو بن گیا لیکن اس پر کچھ لوگوں نے مثبت اور کچھ نے منفی ردعمل کا اظہار کیا تاہم کلب لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈربی شائر کے سلم کلب لانگ ایٹن فٹ لیس نے اشتہاری بورڈ لگایا جس پر لکھا گیا کہ ’’ایلین آرہے ہیں، اور جب ایلین آجائیں گے تو موٹے لوگوں کو سب سے پہلے لے جائیں گے اس لیے خود کو بچائیں‘‘ اس اشتہار کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔
کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ اشتہار بچوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے اور ان کے لیے مزید نقصان دہ ہے اور لوگوں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تاہم کلب کا کہنا ہے کہ انہوں نے موٹاپے سے بچانے کے لیے لوگوں کو ہلکے پھلکے انداز میں آگاہ کیا ہے تاکہ لوگ اس سے نجات حاصل کریں اس کا مقصد کسی کو ڈرانا نہیں تھا۔