اترپردیش میں علی گڑھ کے ٹپل علاقہ میں ڈھائی سال کی بچی کے بے دردی سے قتل کے معاملہ میں پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے ۔
قتل کا ملزم زاہد بچی کے والد بنواری کا پڑوسی ہے ۔ بچی کے والد نے اس سے 10 ہزار روپے کا قرض لیا تھا ، لیکن وہ اس کو لوٹا نہیں سکا تو ملزمین نے اس کی بیٹی کا اغوا کرلیا ۔ تین دن بعد معصوم بچی کی لاش گھر کے پاس کوڑا گھر میں پڑی ملی ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کا قتل گلا گھونٹ کر کیا گیا ۔ دو دن کی جانچ کے بعد پولیس نے زاہد اور اس کے ساتھی اسلم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پوچھ گچھ میں سچائی سامنے آنے پر پولیس نے دونوں ملزمین کو جیل بھیج دیا ہے ۔
ایس ایس پی آکاش کلہاری نے بتایا کہ ملزم زاہد اور اسلم کا بچی کے والد سے پیسوں کے لین دین کو لے کر تنازع تھا ۔ یہ دونوں لوگ مزدور ہیں اور تنازع کے بعد زاہد نے بچی کے والد کو دھمکی دی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے زاہد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے اپنا جرم قبول کرلیا ۔ اس نے بتایا کہ اس نے اپنے ساتھی اسلم کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ان دونوں پر راسوکا کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔