نئی دہلی، 5 اکتوبر (یواین آئی) مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے کہا ہے کہ آدھی آبادی کو حقوق دینا کانگریس کی ترجیح ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں خواتین کانگریس سے جڑ رہی ہیں اور دسمبر تک ان کا ہدف 10 لاکھ خواتین ممبر بنانا ہے۔
محترمہ لامبا نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی تنظیم نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پندرہ روز قبل خواتین کی رکنیت بنانے کی مہم شروع کی تھی اور اب تک دو لاکھ سے زیادہ خواتین کانگریس سے جڑ چکی ہیں۔ اس سے پرجوش ہوکر انہوں نے دسمبر تک 10 لاکھ خواتین کو کانگریس سے جوڑنے کا ہدف رکھا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آل انڈیا مہیلا کانگریس نے 15 ستمبر کو اپنے یوم تاسیس کے موقع پر ملک گیر رکنیت سازی مہم شروع کی تھی۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ صرف 20 دنوں میں ملک بھر سے تقریباً دو لاکھ بہنوں نے آن لائن ممبر شپ لی۔ “یہ سلسلہ ملک کی نصف آبادی کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لئے جاری رہے گا۔”
مہیلا کانگریس صدر نے کہا، “خواتین کے انصاف کے تحت ملک کی نصف آبادی سیاسی، معاشی اور سماجی انصاف فراہم کرنے کا ہمارا وعدہ ہے۔ ملک کے کونے کونے سے خواتین ممبر شپ لے رہی ہیں۔ اس سال کے آخر تک ہم ملک کی 10 لاکھ خواتین کو پارٹی اور تنظیم سے جوڑیں گے۔ ان خواتین کی سیاست میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے 15 اکتوبر کے بعد تقرری لیٹر بھی حوالے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ممبر شپ فیس سے آنے والے فنڈز کو خواتین کے لیڈر شپ پروگرام اور ان کو بااختیار بنانے پر خرچ کیے جائیں گے۔
محترمہ لامبا نے کہا، “ملک کی ایک بیٹی ونیش پھوگاٹ دہلی کی دہلیز پر انصاف مانگتی رہی، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے ملنے کا وقت تک نہیں دیا۔ دہلی پولیس کو اس کی ایف آئی آر درج کرنے سے روک دیا، سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی، لیکن اسے ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ ونیش پھوگاٹ نے ہمت نہیں ہاری، اسی لیے کانگریس پارٹی نے اس کا ہاتھ تھاما، تاکہ وہ انصاف کے لیے لڑتی رہیں۔