لکھنؤ: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ راجدھانی کو اس کے وقار کے مطابق صاف رکھا جائے۔ صفائی ملازمین کے اعزازیہ کی ادائیگی وقت پر کی جائے۔ جس طرح جی-20 اور گلوبل انویسٹرس سمٹ کے دوران پورے لکھنؤ کی سجاوٹ کی گئی تھی اسے اب مستقل شکل دینے کی ضرورت ہے۔ لکھنؤ کے ہر ’انٹری پوائنٹ‘کو سجایاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ای-رکشہ اور تھری وہیلرس کیلئے روٹ مقرر کیاجائے۔
جی-20 اور جی آئی ایس کے دوران جس طرح پورے شہر کی سجاوٹ کی گئی تھی اسے مستقل شکل دینے کی ضرورت ہے۔ راجدھانی کے سبھی داخلہ پوائنٹ سجائے جائیں، کہیں بھی کوئی نابالغ بچہ ای-رکشہ نہ چلانے پائے، غیر قانونی ٹیکسی اسٹینڈ کسی بھی صورت میں نہ چلنے پائیں۔ وزیراعلیٰ جمعہ کو اپنی قیامگاہ پر چھٹ پوجا اور یومیہ صفائی نظام کا جائزہ لے رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھٹ پوجا کے دوران ریاست میں صفائی کا ماحول ہو اس کیلئے محکمہ شہری ترقیات اور پنچایت راج کی جانب سے خصوصی کوششیں کی جائیں۔ لوگوں کے اعتقاد کا ہر ممکن احترام کرتے ہوئے یہ یقینی کیاجائے کہ ندیاں اور تالاب آلودہ نہ ہوں۔
لوگوں کو سنگل یوزڈ پلاسٹ کا استعمال نہ کرنے کیلئے بیدار کیاجائے۔ ندی اور گھاٹوں کی صاف صفائی کی جائے۔ چھٹ کے دوران صفائی کے مد نظر صاف ستھرے گھاٹ مقابلے بھی کرائے جائیں۔ یہ دھیان رکھیں کہ بھیڑ بھاڑ کے درمیان آتش بازی نہ ہو۔ بجلی کی بلا رکاوٹ سپلائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے سیف سٹی پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ جگہوںپر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ صنعت کار-بینکنگ ادارے اور کاروباری سمیت عام آدمی کے ذریعہ لگائے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیاجائے۔ پورے شہید پتھ کو سی سی ٹی وی سے کور کیاجائے۔