اقوام متحدہ نے ایک بار پھر یمن کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے پیر کی رات تاکید کی ہے کہ انسان دوستانہ ایجنسیوں کو یمن میں بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور امداد پہنچانے کے لئے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں تک دسترسی کی اشد ضرورت ہے۔
انھوں نے یمن کی صورت حال کو المناک قرار دیا اور کہا کہ یمنی عوام کو غذائی اشیا،ایندھن اور دواؤں کی اشد ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ نے گذشتہ ہفتے کو بھی یمن کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
یمن میں بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کی نمائندہ میریٹیکسل ریلانو نے بھی یمن کی صورت حال کو المیہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یمن میں لاکھوں افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔