نئی دہلی، یکم جون (یواین آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے حوالہ سے آنے والی ہدایات کے پیش نظر دارالحکومت میں حجاموں کی دکانوں (سلون) کو کھولنے کے لئے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ اسپا پر پابندی برقرار رہے گی۔
کجریوال نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے سلون کی دکانوں کوکھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسپا کو فی الحال نہیں کھولاجائے گا۔ پہلے آٹو پر سواریوں کی محدود تعداد کو اجازت دی گئی تھی لیکن اب یہ پابندی بھی ہٹا لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فور وہیلر اور ٹو وہیلر پر بھی سواریوں کی حد کو ختم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سارے بازار کھلیں گے جبکہ پہلے طاق و جفت (آد ایون) کے تحت کھولنے کی اجازت تھی۔ مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک ضروری سروس والوں کے علاوہ کرفیو لگا رہے گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے دہلی کی سرحد کو کھولنے کے لئے یہاں کے لوگوں سے تجاویزطلب کئے گئےہیں۔