اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ہم شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کے تمام قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے آج ہفتے کی صبح سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی مشترکہ پریڈ سے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور ہمارا انتقام یقینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو جان لینا چاہیے کہ ہم انتقام لینے میں سنجیدہ ہیں، ہم شہید قاسم سلیمانی کا انتقام ضرور لیں گے اور شہید قاسم سلمیانی کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ ہم مرد میدان ہیں ہم چھپ کر انتقام نہیں لیں گے، ہم ان افراد کو نشانہ بنائیں گے جو جنرل سلیمانی کی شہادت میں بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر ملوث اور شریک تھے۔
سپاہ کے سربراہ نے امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم یہ سمجھتے ہو کہ ہم اپنے شہید بھائی جنرل سلیمانی کی شہادت کا بدلہ جنوبی افریقہ میں خاتون سفیر کو نشانہ بنا کر لیں گے، نہیں بلکہ ہم شہید قاسم سلیمانی کی شہادت میں ملوث تمام افراد کو نشانہ بنائیں گے اور ہم اپنے قول و فعل میں سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عین الاسد پر حملے کے بعد امریکی رد عمل دیکھ رہے تھے، اگر تم نے جوابی کارروائی کی ہوتی تو ہم خطے میں تمہارے وجود کا مکمل طور پر صفایا کر دیتے۔جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے امریکہ کو ناکارہ بنادیا ہے اور آج کا امریکہ سیاسی نشاط وجنب و جوش سے عاری، بے جان اور شکست خوردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرایران کا اسلامی انقلاب نہ ہوتا تو امریکہ پوری دنیا کو نگل چکا ہوتا۔