نئی دہلی، 25 اپریل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی پر جنسی استحصال کے معاملے کو سازش قرار دینے والے وکیل اتسو بینس کے دعوے کی جانچ کے لئے جمعرات کوعدالت نے ریٹائرڈ جج جسٹس اے کے پٹنائک کی صدارت میں ایک کمیٹی قائم کردی۔
جسٹس ارون مشرا کی صدارت والی بنچ نے کہا”اتسو بینس کے الزامات کی جانچ کرنے کے لئے جسٹس (ریٹائرڈ) اے کے پٹنائک کی تقرری کی گئی ہے۔“ عدالت عظمی نے مسٹر بینس کو عدالت کی کارروائی کو متاثر کرنے میں فکسر اور کارپوریٹ دنیا سے وابستہ ایک شخص کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سلسلے میں کمیٹی کے سامنے تمام دستاویزات اور شواہد پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے مرکزی تفتیشی بیورو کے ڈائریکٹر ’دہلی پولیس اور انٹلی جنس محکمہ کے سربراہ کو بھی معاملے کی انکوائری میں تعاون کرنے کے لئے کہا ہے۔
وکیل اتسو سنگھ بینس نے الزام لگایا ہے کہ چیف جسٹس کے خلا ف الزام لگانے میں مدد کے لئے انہیں موٹی رقم کی پیش کش کی گئی تھی۔
جسٹس ارون مشرا نے بینس، سالسٹر جنرل تشار مہتا اور اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال کے دلائل سننے کے بعد کہا”ہم اس معاملے پر آ ج سہ پہر دو بجے فیصلہ سنائیں گے۔“
جسٹس مشرا نے سماعت کے دوران کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین ہے۔ انہو ں نے کہا ”ہم کسی بھی شخص کے ذریعہ کنٹرول نہیں ہوسکتے۔ ہمیں تکلیف پہنچی ہے۔ اگر اس طرح کے الزامات لگتے ہیں تو یہ ادارہ بچ نہیں سکے گا۔“
عدالت کی ایک جونئیر معاون نے گذشتہ ہفتہ جسٹس گوگوئی پر پچھلے سال اکتوبر میں اس کا جنسی استحصال کرنے کا الزام لگایا تھا اور اس سلسلے میں اس نے 22ججوں کو تحریری شکایت بھیجی تھی۔