واشنگٹن: سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں روزانہ ایک نئی ایجاد یا دلچسپ تخلیق سننے کو ملتی ہے، وہیں سائنس دان ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے میں مصروف ہیں، جس کے ذریعے صرف آنکھوں کو حرکت دینے سے کمپیوٹر پر ٹائپنگ کرنا ممکن ہوگا۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبریں دینے والے اداروں میں شائع رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی بنانے والی معروف کمپنی مائیکروسافٹ کے ماہرین ایک ایسی دلچسپ اور منفرد ایجاد پر سر جوڑ کربیٹھے ہیں، جس کے استعمال سے لوگ بغیر ہاتھوں کا استعمال کیے صرف اپنی آنکھوں کو حرکت دے کر نہ صرف کمپیوٹر پر ٹائپنگ کر سکیں گے بلکہ دیگر افراد سے رابطہ بھی ممکن ہو سکے گا۔
کمپنی کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو آئی گیز کا عنوان دیا گیا ہے، جس کا پیٹنٹ شائع کردیا گیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی آنکھوں کو حرکت دینے سے کمپیوٹر پر ٹائپنگ کو ممکن بنائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا سب سے بڑا فائدہ معذور افراد کو ہوگا۔
آنکھوں کو حرکت دینے سے کمپیوٹر کا استعمال کرنے والی ٹیکنالوجی تخلیق کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ ٹولز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ڈیوائس آنکھ کی حرکت کو محسوس کرتے ہوئے سمجھ جائے گی کہ سامنے موجود شخص کیا لفظ لکھنا چاہتا ہے۔
ماہرین اس ٹیکنالوجی کو بیک وقت اسمارٹ موبائل فونز، ٹیبلٹس اور کمپیوٹر کے لیے قابل استعمال بنانے پر کام کررہے ہیں۔ امید کی جا رہی ہےکہ اس کے ذریعے ٹیکسٹ میسج لکھنا، ای میل تحریر کرنا، ویب براؤزر پر کچھ تلاش کرنے کے لیے ٹائپ کرنا یا اسی طرح کے دیگر استعمالات بہت آسان ہو جائیں گے۔