ایٹلوا اترپردیش کے وزیر شیوپال سنگھ کے فرزند ادتیہ یادو کی شادی تقریب میں آج کئی اہم سیاسی قائدین کو شریک دیکھا گیا ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو ، سابق پارٹی لیڈر امرسنگھ اور آر جے ڈی صدر لالوپرساد یادو نے ایک دوسرے سے ملاقات کی ۔
یہ شادی تقریب شاندار پیمانہ پر منعقد ہوئی جس میں ان 3 قائدین کے علاوہ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے بھی شرکت کی ۔ یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ امرسنگھ اب سماج وادی پارٹی میں واپس ہوں گے جنہیں پارٹی قیادت کے ساتھ اختلافات کے باعث 2010 ء میں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا ۔
امرسنگھ نے سماج وادی پارٹی سے اخراج کے بعد اپنی الگ سیاسی شناخت بنانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔شادی تقریب میں اداکارہ جیہ پردا ، ریاستی وزراء ، سرکاری عہدیداروں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔