انڈیا کے ایک ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی کے ایک مقامی میچ میں ایک بھی رن دیے بغیر دس کی دس وکٹیں حاصل کر لیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر، آسٹریلین فاسٹ بولر بریٹ لی، انڈین بولر ظہیر خان اور جسپریت بمراہ کی بولنگ کو دیکھتے ہوئے کرکٹ کھیلنے والے آکاش چودھری نے بدھ کو راجستھان کے شہر جے پور میں یہ انوکھا کارنامہ انجام دیا۔
اس میچ میں ان کی ٹیم ‘دِشا کرکٹ اکیڈمی’ نے پہلے کھیلتے ہوئے 156 رنز بنائے جس کے جواب میں ‘پرل کرکٹ اکیڈمی’ صرف 36 رنز بنا سکی اور آکاش نے سارے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آکاش چودھری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: ‘میں نے پہلے اوور میں دو وکٹیں لیں۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے اوورز میں بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور میں چار وکٹ لیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ چھ کھلاڑیوں کو بولڈ اور باقی چار کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔’
کرکٹ کاجنون کی حد تک شوق
آکاش نے بتایا: ‘میں نے 15 سے زیادہ بار ایک میچ میں پانچ وکٹیں لی ہیں جس میں کئی بار چھ اور سات وکٹیں بھی ہیں۔ سارا دن صرف کرکٹ ہی میرے ذہن پر سوار رہتا ہے۔ صبح اٹھ کر چھ بجے سے سیشن شروع ہو جاتا ہے، اس کے بعد فیلڈنگ ہوتی ہے۔ لنچ کے بعد تین بجے سے نیٹ پریکٹس شروع ہوتی ہے۔’