کابل:امریکہ رواں سال افغانستان میں اب تک تقریباً چھ ہزار بم گرا چکا ہے ۔
ترکی کے روزنامہ اخباریني شفق نے امریکی فضائیہ سروس کی سنٹرل کمان کے حوالے سے ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی ۔رپورٹ کے مطابق امریکہ اس سال اب تک 5،982 بم گرا چکا ہے اور اتحادی افواج کے جنگی طیارے اس سال اکتوبر تک تقریباً 6،600 بارپرواز کرچکے ہیں۔
اس سال کے تازہ اعداد و شمار نے سال 2011 کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے ۔ سال 2011 میں امریکی فوج نے تقریباً 5400 بار بم یا میزائل سے حملے کئے تھے ۔امریکی فضائیہ کی جانب سے جاری کئے گئے ان اعداد و شمار سے امریکی انتظامیہ کی باغیوں کے خلاف سخت پالیسی کا پتہ چلتا ہے ۔
افغانستان میں طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری جنگ کا نقصان عام شہریوں کو بھی اٹھانا پڑ رہا ہے ۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق 2017 کے مقابلے اس سال شہریوں کی اموات میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔
اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق اس سال یکم جنوری سے 30 ستمبر تک 649 عام شہریوں کی موت ہو چکی ہے ۔اقوام متحدہ کے مشن نے 2009 سے عام شہریوں کی موت سے متعلق اعداد و شمار کو جمع کرنا شروع کردیا تھا۔