امریکہ کے نیویارک سے ڈرانے والی تصویریں سامنے آرہی ہیں ۔ یہاں کورونا وائرس کی وجہ سے ہر دن حالات مزید خراب ہوتے جارہے ہیں ۔ ایک دن میں اوسطا پانچ سو سے زیادہ لوگوں کی موت ہورہی ہے ۔ ایسے میں یہاں لاشوں کا انبار لگ گیا ہے اور انہیں اب ایک ساتھ قبروں میں دفنایا جارہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر اس کی تصویریں مسلسل وائرل ہورہی ہیں ۔
بی بی سی کے مطابق ہارٹ جزیرہ پر ایسے لوگوں کو دفنایا جارہا ہے ، جن کا اس دنیا میں کوئی نہیں ہے ۔ یہاں سے آرہی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی بڑی قبریں کھودی جارہی ہیں ۔ پہلے یہاں ہفتے میں صرف ایک دن قبر کھودی جاتی تھی ، لیکن اب یہاں یہ کام پانچ دن ہورہا ہے ۔ یہ کام پہلے شہر کی جیل میں بند قیدی کرتے تھے ، لیکن اب لاشوں کی تعداد اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ قبر کھودنے کیلئے باہر سے کنٹریکٹرس بلائے گئے ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے اموات کے معاملہ میں نیویارک نے اکیلے دنیا کے کئی ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ یہاں اب تک سات ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانیں تلف ہوچکی ہیں جبکہ جمعرات کو کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں دس ہزار کا اضافہ ہوا اور اب یہ تعداد ایک لاکھ 60 ہزار کے پاس پہنچ گئی ہے ۔ امریکہ میں اب تک 16500 لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر چار لاکھ 62 ہزار مریض ہیں ۔