واشنگٹن، 30 ستمبر (یو این آئی) امریکی فوج کے ایک میجر ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ پر روسی حکومت کو اطلاعات فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا گیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جیمی لی ہنری اور اینا گیبریلین پر ایک فوجی ہسپتال میں مریضوں کے بارے میں خفیہ معلومات شیئر کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہینری اور ان کی اہلیہ گیبریل نے مبینہ طور پر ایک خفیہ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ایجنٹ کو بتایا کہ وہ روس کے لئے حب الوطنی سے متاثر تھے۔
بی بی سی نے کہا کہ بالٹی مور، میری لینڈ کی ایک عدالت میں دائر فرد جرم میں میاں بیوی پر صحت سے متعلق معلومات لیک کرنے کی سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔ جسے جمعرات کو ان کی گرفتاری کے بعد ہٹا دیا گیا تھا۔
استغاثہ نے کہا کہ یہ جوڑا امریکی حکومت اور فوج سے وابستہ افراد کے طبی حالات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں روسی حکومت کی مدد کرنا چاہتا تھا اور ہنری نے نجی میڈیکل ریکارڈ حاصل کرکے خود کو محفوظ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا۔ ہنری نے فورٹ بریگ ہسپتال میں کام کیا تھا جبکہ اس کی اہلیہ گیبریل پر بالٹی مور کے جانز ہاپکنز ہسپتال کے بارے میں معلومات لیک کرنے کا الزام ہے، جہاں وہ کام کرتی ہے۔
گیبریلین پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے ایجنٹ کو بتایا کہ وہ یوکرائنی فوج کو فراہم کی گئی سابقہ امریکی تربیت کے بارے میں اطلاعات شیئر کر سکتی ہے۔
اگر دونوں مجرم پائے جاتے ہیں تو دونوں کو زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔