واشنگٹن،؛امریکہ نے پاکستان کی عمران خان حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ وہ تمام دہشت گرد تنظیموں کو تعاون اور ان کو تحفظ دینا فوری طور پر بند کرے۔
امریکہ نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جمعرات کی شام ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہوئے پاکستان کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری سارہ سینڈرز نے بیان جاری کر کے کہا’’پاکستان اپنی سرزمین سے ہونے والی تمام دہشت گردانہ سرگرمیوں اور دہشت گرد تنظیموں کو مدد کرنا فوری طور پر بند کرے۔‘‘
سارہ سینڈرز نے کہا’’اس حملہ سے امریکہ اور ہندوستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مہم اور تعاون کو مضبوط کرنے کے ہمار ےعزائم مضبوط ہوئے ہیں۔ امریکہ پاکستان حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم کی طرف سے کئے گئے اس گھناؤنے حملے کی سخت سے سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے‘‘۔جاری،یو این آئی،اظ