اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے نے اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کے سربراہان کے نام خط میں یمن کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے ایران پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کے سربراہان کے نام خط میں کہا ہے کہ یمن کے حوالے سے ہونے والے سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں امریکہ کی جانب سے ایران پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ کی طرح سیکورٹی کونسل کے پلیٹ فارم کو دوسرے ممالک پر بے بنیاد الزامات لگانے کے لئے غلط استعمال کیا ہے۔ ایران پوری سختی کے ساتھ ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
ایرانی نمائندے نے مزید کہا ہے کہ ایران نے کئی مواقع پر کھل کر اعلان کیا ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق فعالیت کرے گا اور عالمی اداروں کے قوانین سے متصادم کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران یمن کے بحران کے سفارتی حل پر زور دیتا ہے اور سمندری سیکورٹی کو یقینی بنانے کی تاکید کرتا ہے۔
ایروانی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یمن کی خودمختاری کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوگئے ہیں اور کئی مواقع پر اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔ امریکی غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے خطے کا امن خطرے میں پڑگیا ہے۔ امریکہ کی وجہ سے یمن کے بحران کے پرامن حل نکلنے کے امکانات محدود ہوگئے ہیں اور وہاں درپیش مشکلات مزید پیچیدہ ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے غلط کردار سے دامن نہیں چھڑاسکتا ہے اسی لئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگاکر اپنی موجودگی کو قانونی ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔