واشنگٹن: امریکی مصنف شان کنگ اہلیہ سمیت مشرفبہ اسلام ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی مصنف شان کنگ ور ان کی اہلیہ نے رمضان المبارک کی پہلی شب اسلام قبول کرلیا۔
دنیا میں نسل پرستی اور امتیاز کے خلاف انسانی حقوق کے لیےآواز بلند کرنے والے جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے امریکا میں رہنے والے پروفیسر خالد بیدون نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر براہ راست وڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے امریکی مسلم اسکالر امام عمر سلیمان کی جانب سے شان کنگ اور ان کی اہلیہ کو کلمہ طیبہ (کلمہ شہادت) پڑھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 44 سالہ معروف امریکی مصنف شان کنگ ایک نامور مصنف ہونے کے علاوہ دنیا بھر میں نسل پرستی اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے امریکا میں بلیک لائیو میٹرز تحریک کے علاوہ دیگر بھی کئی تحریکوں میں اپنی بھرپور شمولیت ظاہر کی ہے۔
چند ماہ قبل ہی شان کنگ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف بولنے پر ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر دیا گیا تھا۔ شان کنگ نے فلسطینیوں کے حقوق اور وقار کی وکالت کرنے پر 60 لاکھ سے زائد فالوورز والے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پابندی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔