یوکرین میں زخمی فوجیوں کا علاج کرنے والی امریکی نرس نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو خبردار کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فوجی خاندان سے تعلق رکھنے والی امریکی نرس جینیفر ملی نے کہا ہے کہ ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد ڈیوٹی کے دوران زخمی نہیں ہوا تاہم اس کے برعکس اب وہ یوکرین میں روزانہ تباہی اور اموات دیکھتی ہیں جس کا ذمہ دار وہ روسی صدر کو ٹھہراتی ہیں۔
جینیفر ملی نے غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روس کے صدر کو اس ہولناک مظالم کے لیے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
امریکی نرس نے کہا کہ اگر ولادیمیر پیوٹن کو اس دنیا میں سزا نہیں ملی تو مرنے کے بعد وہ ضرور جوابدہ ہوگا۔
جینیفر ملی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی 2 بیٹیوں کو بہت یاد کرتی ہیں لیکن ان کی بیٹیاں یوکرین کے حالات کو سمجھتی ہیں اور جانتی ہیں کہ میں یہاں اہم کام کر رہی ہوں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جینیفر ملی نے مئی تک امریکی شہر لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں ایمرجنسی نرس کے طور پر کام کیا جس کے بعد سے وہ اب یوکرین میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جینیفر ملی 2 مرتبہ افغانستان میں بھی تعینات رہ چکی ہیں۔