بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ سلمان خان کی آنے والی فلم ‘سلطان’ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور انہیں ان کی فلم سے بہت سی اچھی توقعات وابستہ ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران عامر خان کا کہنا تھا ’سلمان کی فلمیں ہمیشہ ہی اچھی ہوتی ہیں اس لیے مجھے سلطان سے کافی اچھی امیدیں ہیں۔ جیسے سب ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں میں بھی کر رہا ہوں۔ مجھے یقین ہے یہ ایک بہترین فلم ہوگی‘۔
سلمان خان اپنی آنے والی فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ انوشکا شرما اہم کردار ادا کریں گی، دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان بھی اپنی اگلی فلم ’دنگل‘ میں ایک پہلوان کا کردار ادا کررہے ہیں۔
‘دنگل’ کے حوالے سے عامر کا کہنا تھا ’اس میں میرا کردار کافی مختلف ہوگا اور جسامت کئی حد تک فلم ‘گجنی’ کی یاد دلائے گی۔ میں نے فلم کے لیے 6 ماہ میں 25 کلو وزن بڑھایا ہے‘۔
عامر خان کو اس فلم میں وزن بڑھانے کے بعد اب وزن کم کرنے کی بھی ضرورت ہے جس کے بعد وہ فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ مکمل کریں گے۔
سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ رواں سال عید پر جبکہ عامر خان کی ’دنگل‘ کرسمس پر ریلیز کی جائے گی۔